رشک قمر ہوں رنگ رخ آفتاب ہوں​

رشک قمر ہوں رنگ رخ آفتاب ہوں​
ذرہ ترا جو اے شہ گردوں جناب ہوں​

در نجف ہوں گوہر پاک خوشاب ہوں​
یعنی تراب رہ گزر بو تراب ہوں​

گر آنکھ ہوں تو ابر کی چشم پر آب ہوں​
دل ہوں تو برق کا دل پر اضطراب ہوں​

خونیں جگر ہوں طاہر بے آشیاں شہا​
رنگ پریدہ رخ گل کا جواب ہوں​

بے اصل و بے ثبات ہوں بحر کرم مدد​
پروردہٴ کنار سراب و حباب ہوں​

عبرت فزا ہے شرم گنہ سے مرا سکوت​
گویا لب خموش لحد کا جواب ہوں​

کیوں نالہ سوز سے کروں کیوں خون دل پیوں​
سیخ کباب ہوں نہ میں جام شراب ہوں​

دل بستہ بے قرار جگر چاک اشکبار​
غنچہ ہوں گل ہوں برق تپاں ہوں سحاب ہوں​

دعویٰ ہے سب سے تیری شفاعت پہ بیشتر​
دفتر میں عاصیوں کے شہا انتخاب ہوں​

مولا دہائی نظروں سے گر کر جلا غلام​
اشک مژہ رسیدہ چشم کباب ہوں​

مٹ جائے یہ خودی تو وہ جلوہ کہاں نہیں​
دردا میں آپ اپنی نظر کا حجاب ہوں​

صدقے ہوں اس پہ نار سے دیگا جو مخلصی​
بلبل نہیں کہ آتش گل پر کباب ہوں​

قالب تہی کیئے ہمہ آغوش ہے ہلال​
اے شہ سوار طیبہ میں تیری رکاب ہوں​

کیا کیا ہیں تجھ سے ناز ترے قصر کو کہ میں​
کعبہ کی جان عرش بریں کا جواب ہوں​

شاہا تجھے سقر مرے اشکوں سے تانہ میں​
آب عبث چکیدہ چشم کباب ہوں​

میں تو کہا ہی چاہوں کہ بندہ ہوں شاہ کا​
پر لطف جب ہے کہدیں اگر وہ جناب ہوں​

حسرت میں خاک بوسئ طبیہ کی اے رضا​
ٹپکا وہ چشم مہر سے وہ خون ناب ہوں​
زبردست
4

Leave a Comment