تجلی نور قدم غوث اعظم

تجلی نور قدم غوث اعظم
محمد بشان اتم غوث اعظم

کبھی زحمت یک قدم غوث اعظم
کرم چاہتا ہوں کرم غوث اعظم

بشان ولایت سراپا رسالت
تمہیں ہو تمہاری قسم غوث اعظم

قبا چست بیٹھی ہے محبوبیت کی
عجب تجھ پہ ترک عجم غوث اعظم

ہماری بصیرت نوازی کو بس ہیں
تمہارے نقوش قدم غوث اعظم

میرا مطلب دل میرا مقصد جاں
فقط اک نگاہ کرم غوث اعظم

تمہاری ہی نسبت سے عزت ہماری
اسی سے ہمارا بھرم غوث اعظم

تمہاری محبت نے مجھ کو دیا ہے
دھڑکتا دل اور چشم نم غوث اعظم

اجیر محبت کوئی اور ہوگا
میں ہوں بندہ بے درم غوث اعظم

وہ سب کچھ تمہارے تصدق میں پایا
نہ تھے مستحق جس کے ہم غوث اعظم

یہی اسم اعظم ہے اپنے لیے تو
ہو ورد زباں دم بہ دم غوث اعظم

اگر ربط کامل ہے تم سے سلامت
نہیں پھر مجھے کوئی غم غوث اعظم

Leave a Comment